ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مودی حکومت ملک کو برباد کرنے میں لگی ہوئی ہے: بادل

مودی حکومت ملک کو برباد کرنے میں لگی ہوئی ہے: بادل

Tue, 13 Nov 2018 21:57:38    S.O. News Service

بھوپال :13/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب کے وزیر خزانہ من پریت سنگھ بادل نے کہاہے کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت ہندوستان کی حفاظت کے بجائے اس کوبرباد کرنے میں لگی ہوئی ہے۔بادل نے کہاہے کہ بھگوان نے سب سے کمزور جانور کون سا بنایا ہے۔پنجابی میں اسے چڑی (چڑیا) کہتے ہیں۔وہ اپنی حفاظت نہیں کر سکتی۔لیکن اگر ایک چڑی بھی اپنا گھونسلا بنا دے، اس میں اس کے انڈے اور بچے ہوں، تو اپنے انڈوں اور بچوں کے خاطر میں نے انہیں بھی باجوں(پرندہ) سے لڑتے دیکھا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے (ملک کی آزادی کے بعد) 1947 میں ایک چھوٹا سا گھونسلا بنایا تھا جس کا نام بھارت رکھا۔تکلیف اس بات کی ہے کہ اس کی حفاظت کرنا تو دور کی بات ہے، ہندوستان کے جو وزیر اعظم (مودی) ہیں اس کوبرباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ بادل نے کہاکہ چڑی سے بھی کمزور ہیں مودی جی۔انہوں نے کہا کہ یہ (ملک کی آزادی) کوئی مونگ پھلی بیچ کر یا ریوڈیاں بانٹتے ہوئے نہیں ملا ہے۔اس کے لئے ہم نے قربانیاں دی ہیں۔ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ مرکز میں اس طرح کے لوگ آئیں گے اور 70 سال کا اچھا خاصا کام مٹی میں ملا دیں گے۔مودی حکومت کی دو سال پہلے کی گئی نوٹ بندی اور گزشتہ سال لگائی گئی جی ایس ٹی نے ملک کی اقتصادیات کو بربادکر دیا ہے جس سے ملک کی عوام پریشان ہے۔کانگریس نے ہمیشہ ترقی کی سیاست کی ہے۔بی جے پی آر بی آئی، سی بی آئی، سپریم کورٹ، سی اے جی اور الیکشن کمیشن جیسے اداروں کی بھی سیاست کر رہی ہے۔


Share: